پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی اور پنجاب لوکل گورنمنٹ آفیسرز پر مشتمل وفد نے ڈبلیو ایس ایس سی ایم کا دورہ


 
مردان (دی نیوز پوائنٹ اُردو)پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی اور پنجاب لوکل گورنمنٹ آفیسرز پر مشتمل وفد نے ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے ہیڈ آفس اور انٹی گریٹڈ ریسورس ریکوری سنٹر کا دورہ کیا۔دورے کی قیادت پنجاب میونسپل ڈویلمپنٹ فنڈ کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹرسید زاہد عزیز نے کی جبکہ اس موقع پر جرمن کوآپریشن جی آئی زی کی ایڈوائزر صنم ارشاد بھی موجو د تھی۔

 دورے کے موقع پر انہوں نے مردان میں شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی، صفائی کے جدید نظام اورنامیاتی کچرے سے کھاد بنانے والے پراجیکٹ کا معائنہ کیا۔وفدمیں میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور،ایم سی جہلم،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور دیگرشہروں کے بلدیاتی اداروں کے افسران شامل تھے۔ڈبلیو ایس ایس سی ایم دورے کے موقع پر کمپنی کے منیجر ایچ آر اینڈایڈمن راحت اللہ،منیجر پلاننگ اینڈ پراجیکٹس عمران زمان،ڈپٹی منیجر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ محمد اسحاق نے پنجاب لوکل گورنمنٹ کے افسران کو خوش آمدید کہا اور انہیں کمپنی کی کارکردگی اور آپریشنل سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔انہیں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا میں واٹر اینڈ سینیٹشن سروسز کمپنی مردان نے پہلی مرتبہ کچرے سے نامیاتی کھاد بنانے والا سنٹر قائم کیا ہے جس میں روزانہ پانچ ٹن کچرے کو نامیاتی کھاد میں تبدیل کیا جاتا ہے۔

 کمپنی مردان شہر کے چودہ یونین کونسلوں میں صفائی،صاف پانی اور نکاسی آب کی بہترین سہولیات فراہم کررہی ہے اور مردان شہر سے روزانہ کی بنیاد پر 180ٹن کچرا اکٹھا کر کے  محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگایا جاتا ہے۔وفد کو بتایا گیا کہ ڈبلیو ایس ایس سی ایم نے توانائی کے باکفایت استعمال کے لئے جرمن کوآپریشن(جی آئی زی) کے تعاون سے شہر کے چھ ٹیوب ویلوں میں جدید سکاڈا سسٹم نصب کیا ہے جبکہ دس گاڑیوں میں فیول سنسر لگائے ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر سید زاہد عزیز نے خیبر پختونخوا دورے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہاکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے لوکل گورنمنٹ کے زیر انتظام سینیٹیشن کمپنیوں کے ساتھ بہتر روابط رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔دونوں صوبوں کے اداروں کو مل بیٹھ کر مسائل کے حل اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے ڈبلیو ایس ایس سی ایم کی جانب سے انٹی گریٹڈ ریسورس ریکوری سنٹر کو سراہتے ہوئے کہاکہ کچرے کو کار آمد بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لئے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے پورے ملک کے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ پلاسٹک کے استعمال کو کم کریں تاکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی آسکے۔انہوں نے جرمن ترقیاتی ادارے جی آئی زی کے حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے لوکل گورنمنٹ اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا لائق تحسین ہے۔





0/Post a Comment/Comments