مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو،عبداللہ شاہ بغدادی سے ) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور ما ئیگرنٹ ریسورس سنٹر پشاور کے تعاون سے غیر سرکاری تنظیم لیبر ایجوکیشن آرگنائزیشن مردان کے زیر اہتمام مردان میں شہریوں کے لیے محفوظ اور قانونی ہجرت پر آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔
اس آگاہی سیشن کا مقصد تمام لوگوں کو بیرونِ ملک ملازمت،تعلیم یا رہائش کی غرض سے ہجرت کے حوالے سے مستند معلومات فراہم کرنے کے علاوہ غیر قانونی ہجرت اور اس سے جڑے خطرات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔
سیشن سے ما ئیگرنٹ ریسورس سنٹر پشاور کے نمائندے عبدالحمید اور لیبر ایجوکیشن کے حسن حسا س کا کہنا تھا کہ اگر ہجرت کا ارادہ ہو تو ہمیشہ قانونی ہجرت کا انتخاب کریں اور اپنی جان و مال کی حفاطت کریں۔ زیادہ تر لوگ ہجرت کا انتخاب بہتر مستقبل کے حصول کے لیے کرتے ہیں، اورتحقیق کے مطابق غیرقانونی ہجرت کواپنانے کی بنیادی وجہ مستند معلومات کا فقدان ہے،
زیادہ تر لوگوں کا یہ خیال ہے کہ وہ غیر قانونی ہجرت کے ذریعے اپنے پسندیدہ ملک باآسانی، کم پیسوں میں اور جلد پہنچ جائیں گے جبکہ سچائی اسکے برعکس ہے۔سیشن میں یہ بھی بتایا گیا کہ بیرونِ ملک ملازمت کی تلاش کے لیے ہمیشہ حکومت کی جانب سے رجسٹرڈ لائیسنس یافتہ بھرتی کی ایجنسی یا حکومت کے قائم کردہ اورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن سے رابطہ کریں۔
انہوں نے بتایا کہ ایم آرسی ان آگاہی سیشن کا انعقاد پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں کررہا ہے تاکہ لوگوں کو قانونی اور محفوظ ہجرت کے بارے میں تمام معلومات مفت فراہم کی جاسکے۔شرکاء نے معلومات کو بہت مفید قرار دیا۔اور ایم آرسی کی کاوششوں کو سراہا
ایک تبصرہ شائع کریں