ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ لوکل گورنمنٹ فضل اکبر نے ڈبلیو ایس ایس سی مردان کا دورہ،شہریوں کو۔صاف ماحول کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی

 


مردان (دی نیوز پوائنٹ اردو،ایم وقار خان) ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ لوکل گورنمنٹ فضل اکبر نے ڈبلیو ایس ایس سی مردان کا دورہ کیا اور عید الاضحی کے موقع پر شہریوں کو صاف ماحول کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔

انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر بلدیات کی ہدایت پر تمام سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ تمام اضلاع میں نگرانی کے لئے مانٹیرنگ کمیٹیاں بھی تشکیل دیدی گئی ہے۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے منیجر میونسپل سروسز انجنیئر محمد خلیل اکبر نے بتایا کہ عید کے پہلے روز نماز عید سے قبل ہی عید گاہوں کی صفائی کی جائے گی جبکہ جانوروں کی آلائشوں کو اٹھانے کے لئے دوپہر12بجے سے صفائی آپریشن کا آغاز کیا جائے گا اور پورے شہر کو گندگی سے پاک کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔ 

جانوروں کی باقیات کو محفوظ طریقے سے تلف کرنے کے لئے ڈمپنگ گراؤنڈ میں 150x100فٹ گڑھا کھوداجائے گا۔ان کاکہنا تھا کہ مردان شہر کے 38نائبر ہوڈ کونسلوں کو چار زون میں تقسیم کرد یا گیا ہے اور جانوروں کی باقیات کو اکٹھا کرنے کے لئے نیو اڈہ، پار ہوتی، شمسی روڈ اور کسکورونہ روڈ پرکلیکشن پوائنٹس بنائے گئے ہیں جہاں سے بڑی گاڑیوں کے ذریعے آلائشوں کو اٹھا کر محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ صفائی آپریشن میں کمپنی کے چھ سو سے زائد ملازمین حصہ لیں گے اور70 مختلف قسم کی گاڑیوں کے ذریعے الائشوں کو ٹھکانے لگایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مردان شہر کے 38نائبر ہوڈ کونسلوں میں پرائمری کولیکشن کے لئے41گاڑیاں مختص کی گئی ہیں جن میں 16سوزوکی منی ڈمپرز،9ڈونگ فینگ ٹریکٹرز،12رکشہ لوڈرزاور ٹرائی ویلرز شامل ہیں جبکہ8ٹریکٹر ٹرالیوں،4آرم رول،3ملٹی لوڈرز، 4ڈمپر،3ایکسکیویٹر،4بلیڈ ٹریکٹر،3شاول اور 3کمپیکٹرز کے ذریعے جانوروں کی آلائشوں کو ڈمپنگ گراؤنڈ تک منتقل کیا جائے گا۔

اسکے علاوہ نکاسی آب اور سڑکوں کی صفائی کے لئے جیٹنگ مشین اورروڈ واشراستعمال کئے جائیں گے۔ ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ لوکل گورنمنٹ فضل اکبر نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ عیدالاضحی کے موقع پر کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اورجو بھی اہلکار غیر حاضر پایا گیا 
اس کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔انہوں نے کہاکہ صوبے کے تمام بلدیاتی اداروں کو صفائی کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہے۔اجلاس میں منیجرایچ آر اینڈ ایڈمن راحت اللہ،ڈپٹی منیجر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ محمد اسحاق،پے رول آفیسر اسد حسین اور دیگر شریک ہوئے۔

0/Post a Comment/Comments