ڈبلیو ایس ایس سی ایم ورکرز کی دن رات محنت کی بدولت مردان شہر کی صفائی میں کافی بہتری آئی ہے ڈپٹی کمشنر مردان فیاض خان شیرپاؤ


 

مردان (دی نیوز پوائنٹ اردو،ایم وقار خان) ڈپٹی کمشنر محمد فیاض خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ ڈبلیو ایس ایس سی ایم ورکرز کی دن رات محنت کی بدولت مردان شہر کی صفائی میں کافی بہتری آئی ہے۔ مردان کے شہری اگر کمپنی کا ساتھ دیں تو وہ دن دور نہیں کہ مردان صفائی کے حوالے سے ماڈل شہر ہوگا۔

عیدالاضحی کے موقع پر کمپنی کے ورکرز اور مینجمنٹ سٹاف نے جو خدمات انجام دیں وہ قابل تحسین ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمپنی سٹاف کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد فیاض شیر پاؤ نے کہاکہ کمپنی کے سینیٹشن اور مینجمنٹ سٹاف نے ہر مشکل وقت میں مردان کے شہریوں کو بہترین خدمات فراہم کیں ہیں۔ عید الفطر،عید الاضحی،کورونا وائرس،سیلاب اور ڈینگی وائرس کے علاوہ ہر قسم کی قدرتی آفات میں اپنی جانوں کی پراوہ کئے بغیر ہر اول دستہ کا کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ مردان کے شہریوں نے بھی ہمارے ورکرز کی خدمات کو سراہا ہے۔ جو دن رات اور سخت گرمی و سردی میں بھی مردان شہر کو پاک صاف رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے اور یہی وجہ ہے کہ مردان شہرکے چھ یونین کونسلوں میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ بنایا جا رہا ہے جس سے نکاسی آب کا مسئلہ مستقل طور پر حل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مردان صوبے کا دوسرا بڑا شہر ہے اور شہریوں کو پاک صاف ماحول کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہاکہ مردان شہر کے 80فیصد علاقوں میں صبح سویرے گھر گھرسے کچرا اکٹھا کر کے اسے محفوظ طریقے سے تلف کیا جاتا ہے۔اس سے قبل واٹر اینڈ سینیٹشن سروسز کمپنی مردان نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں سال22-2021کی بہترین کمپنی کا ایوارڈبھی حاصل کیا ہے۔

0/Post a Comment/Comments