مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو،ایم وقار خان)وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر نے صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کے ہمراہ مردان کا دورہ کیا۔ انہوں نے سمال انڈسٹریز ڈیویلپمنٹ بورڈ مردان کے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں ایس ائی ڈی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر حبیب اللہ عارف، گورنمنٹ پولی ٹیکنیک کالج مردان کے پرنسپل نصر اللہ خان اور ایس آئی ڈی بی اور محکمہ صنعت کے دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں مردان میں فرنیچر سازی کے ایک جدید انڈسٹریل زون کے قیام کے لیے ضرور اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے مردان میں فرنیچر سازی کے صنعت کی اہمیت اجاگر کی اور کہا اس صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ فرنیچر سازی کی صنعت میں مردان نمایاں مقام کا حامل ہے۔
صوبائی حکومت علاقے میں اس صنعت کے فروغ کے لیے ایک منصوبے پر کام کر رہی ہے جس کے تحت مردان میں وسیع رقبے پر فرنیچر سازی کے جدید ترین سہولیات سے اراستہ انڈسٹریل زون کا قیام شامل ہے۔ اس سے نہ صرف صوبے کی معیشت مضبوط ہوگی بلکہ علاقے میں روزگار کے وسیع مواقع بھی فراہم ہوں گے۔ اس موقع پر معاون خصوصی برائے صنعت و حرفت عبدالکریم تورڈھیر نے متعلقہ حکام کو اس زون کے قیام کے لیے مطلوبہ انتظامی اور قانونی معاملات کے حوالے سے رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں چھوٹے بڑے صنعتوں کے فروغ کے لیےمتعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ دریں اثناء وزیر اعلی کے معاون خصوصی عبدالکریم تورڈھیر نے صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کے ہمراہ سینٹرل جیل مردان کا دورہ کیا۔سنٹرل جیل پہنچنے پر جیل پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ اس موقع پر ارکان صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی اور امیر فرزند خان بھی موجود تھے۔
سپرنٹنڈنٹ جیل نجم عباسی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سنٹرل جیل مردان میں قیدیوں کو مختلف قسم کی فنی تربیت کا بندوبست کیا گیا ہے۔ جیل میں ڈیٹرجنٹ فیکٹری اور ماربل فیکٹری پہلے سے کام کر رہی ہے جس کے لیے مزید جدید مشینری اور اوزار کی ضرورت ہے. انہوں نے کہا کہ جیل میں تیار کی جانے والی مصنوعات مختلف میگا مارٹس پر فروخت کے لیے رکھے جا رہے ہیں۔ اس سے ہونے والی آمدنی میں قیدیوں کا بھی شیئر رکھا گیا ہے جو براہ راست ان کے ذاتی اکاؤنٹس میں منتقل کیا جاتا ہے.
وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے صنعت و فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر اور وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے جیل کے اندر ماربل اور ڈیٹرجنٹ فیکٹری کا دورہ کیا۔ انہوں نے فیکٹریوں میں کام کرنے والے قیدیوں کے کام کے معیار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ جیل میں تیار کی جانیوالی مصنوعات اسلام آباد میں ایس آئی ڈی بی خیبر پختونخوا کے آرٹ اینڈ کرافٹ گیلری میں بھی رکھے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت قیدیوں کو دوران قید مختلف ہنر سکھا کر ان کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردان جیل میں قالین سازی کی صنعت لگانے کے لیے ایک نجی ادارے سے بات چیت جاری ہے۔ عبد الکریم تورڈھیرنے مزیدکہا کہ محکمہ فنی تعلیم محکمہ جیل خانہ جات کے ساتھ قیدیوں کی تربیت کے حوالے سے بھرپور تعاون کرے گا۔
ایک تبصرہ شائع کریں