2013 میں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے سات ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں سینی ٹیشن کمپنیاں قائم کی ہے،انجینئر عادل نواز

 



مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو)ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے بورڈآف ڈائریکٹر ز کے اجلاس میں ممبران نے مشترکہ طور پر انجنیئر عادل نواز کو چیئرمین منتخب کر لیا۔ اجلاس میں ہارون الرشید کو چیئرمین ایچ آر،نومینشن اینڈ پروکیورمنٹ کمیٹی،مبینہ رضی الدین کو فنانس کمیٹی جبکہ جاوید حسین کوآڈٹ کمیٹی کا چیئرمین منتخب کیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کے نمائندے ڈپٹی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زاہد مسعود،سیکرٹری فنانس کے نمائندے ڈپٹی سیکرٹری فنانس سردار بہادر خان،ڈپٹی کمشنر کے نمائندے اسسٹنٹ کمشنر براق اعوان اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمپنی کے نومنتخب چیئرمین انجنیئر عادل نواز نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے انہیں کسی بھی صورت ٹھیس نہیں پہنچا ئیں گے۔انہوں نے کہاکہ کمپنی کی جانب سے مردان شہر کے پانچ ہزار صارفین کو دن میں تین مرتبہ صاف پانی فراہم کیا جاتا ہے۔صارفین کو فراہم کر دہ صاف پانی کے ایک کنکشن پر 2400روپے ماہانہ خرچ آتا ہے جبکہ کمپنی صارفین سے210روپے وصول کرتی ہے اور صوبائی حکومت2200روپے سبسڈی برداشت کرتی ہے۔اگر شہری صاف پانی کے استعمال کو یقینی بنائیں تو وہ بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت شہریوں کوپاک صاف ماحول اور صاف پانی کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔
انجنیئر عادل نواز نے کہاکہ محدود وسائل میں شہریوں کوبہترین خدمات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ2013میں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے سات ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں سینی ٹیشن کمپنیاں قائم کی ہے جس کا مقصد شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی اورصفائی کی صورتحال کو بہتر بنا نا ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ صفائی کے حوالے سے مردان شہر کو ایک ماڈل شہر بنانے کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو ڈبلیو ایس ایس سی ایم کا ساتھ دینا چاہیئے۔اجلاس میں ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے جنرل منیجر انجنیئر عمران زمان نے خیبر پختونخوا سیٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس پراجیکٹ کے تحت مردان شہر کے چھ یونین کونسل کے لئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ بنایا جا رہا ہے جس سے بکٹ گنج اور باڑی چم میں نکاسی آب کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔اجلاس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہاکہ سینیٹیشن سٹاف کی شبانہ روز محنت کے نتیجے میں مردان شہر کی صفائی میں کافی بہتری آئی ہے۔

0/Post a Comment/Comments