رپورٹ :عبداللہ شاہ بغدادی
مردان (دی نیوز پوائنٹ اردو )ادا کارہ نیلم گل اس وقت پشتو فلموں اور ڈراموں کی مصروف ترین ہیروئن ہے اوران کا شمار پشتو فلموں کی سب سے پسندیدہ ہیروئنوں میں ہوتا ہے مردان سے تعلق رکھنے والی اداکارہ نیلم گل نے اب تک کم وبیش ایک درجن کے قریب پشتو فلموں میں کام کیا ہے جب کہ سٹیج ڈرامے اس کے علاوہ ہیں۔
دی نیوز پوائنٹ اردو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نیلم گل نے کہا کہ میں نے جب سے شوبز کے میدان میں قدم رکھا ہے کامیابیوں نے ہر جانب سے مجھے خوش آمدید کہا ہے میری کوشش ہے کہ میں فن اداکاری میں ایک بلند مقام حاصل کروں اور اس کے لئے میں دن رات کوشش کر رہی ہوں۔
انھوں نے کہا کہ میرے لاکھوں فینز ہیں جو مجھے لیڈنگ رول میں دیکھنا چاہتے ہیں اس لئے میں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ آئند ہ کسی بھی فلم میں کمزور رول نہیں کرونگی۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتا یا کہ سینئر فنکار ایک اکیڈمی کی حیثیت رکھتے ہیں ان کی رہنمائی میں نئے آرٹسٹ اپنے فن کو بہتر انداز میں اُجاگر کر سکتے ہیں۔
فلمسازوں اور ہدایتکاروں کو چاہیے کہ وہ میرٹ کی بنیاد پر آنے والے نئے فنکاروں کو کاسٹ کریں تاکہ نوجوان نسل بھی فلموں کی جانب راغب ہوں اور فلم انڈسٹری کی ترقی کا سبب بنے،پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی کی خواہشمند ہوں اور اس کے لئے ضروری ہے کہ فلم کے تمام شعبوں میں نئے لوگوں کو متعارف کرایا جائے اور خاص طور پر اداکاری کے میدان میں ٹی وی اور سٹیج کے باصلاحیت اداکاروں کو آگے لانا چاہیے تاکہ انڈسٹری میں نئے فنکاروں کی صلاحیتوں سے بھر پور استفادہ کیا جا سکے۔
ایک تبصرہ شائع کریں