مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو،ایم وقار خان)مردان پولیس نے ایک تیز اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دو خواجہ سراؤں کے لرزہ خیز قتل میں ملوث تین ملزمان کو 06 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی پی او مردان ظہور بابر آفریدی کی فوری نوٹس اور خصوصی ہدایت پر ایس پی انویسٹی گیشن نثار خان، ایس پی سٹی شفیع الرحمٰن، ڈی ایس پی سٹی اعجاز خان، اور ایس ایچ او عبدالسلام خان پر مشتمل ٹیم نے جدید سائنسی خطوط اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ملزمان تک رسائی حاصل کی۔ ملزمان ضیاء الدین، محمد رحمان، اور عدنان خان نے دورانِ تفتیش جرم کا اعتراف کر لیا ہے، جبکہ قتل میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل اور آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
واقعہ کے مطابق، 21 اکتوبر 2024 کو خواجہ سرا ارشد علی عرف شوقی نے پولیس کو رپورٹ دی کہ وہ مقتولین سلمان عرف سلمانو اور صابر عرف نازکا کے ساتھ بالا خانے میں موجود تھا، جب تین نامعلوم افراد وہاں داخل ہوئے، جن میں سے ایک شخص پستول اور دوسرا تلوار سے مسلح تھا۔ ملزمان نے تلوار سے بے دردی کے ساتھ دونوں خواجہ سراؤں کو قتل کر دیا جبکہ ارشد نے باتھ روم میں چھپ کر اپنی جان بچائی۔
ڈی پی او مردان ظہور بابر آفریدی نے بروقت کارروائی کو سراہا اور پولیس کی تفتیشی ٹیم کی کارکردگی کو عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔ مزید تفتیش جاری ہے اور پولیس کی جانب سے ملزمان کو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایک تبصرہ شائع کریں