مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو،ایم وقار خان)ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مردان شہر کے تمام یونین کونسلوں میں خصوصی صفائی اور آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔اجلاس میں ہائرنگ کنٹریکٹ کی منظوری بھی دیدی گئی۔
بورڈ کا اجلاس چیئرمین انجنیئر عادل نواز کی صدارت میں ہوا جس میں بورڈ کے ڈائریکٹرز ہارون رشید،جاوید حسین،مبینہ رضی الدین،کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شاہد خان،سی ایف او نوید اختر جبکہ لوکل گورنمنٹ کے ایڈیشنل سیکرٹری نور ولی خان اور محکمہ فنانس کے بجٹ آفیسر قاضی ضیاء الرحمان زوم کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بورڈ کی عدم موجودگی میں مردان شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کی صورتحال مخدوش ہے تاہم بورڈ کے آنے اور ہائرنگ کنٹریکٹ کی منظوری سے مردان شہر کی صفائی میں بہتری آئے گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پانی کے ایک کنکشن پر کمپنی کا ماہانہ2400روپے خرچ آرہا ہے جبکہ شہریوں سے210روپے وصول کئے جارہے ہیں اور اس میں بھی 50فیصد صارفین بلوں کی ادائیگی نہیں کررہے ہیں جس کی وجہ سے کمپنی کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
انہیں بتایا گیا کہ بجلی کی قیمتوں میں آئے روز اضافے کی وجہ سے ٹیوب ویل کے بجلی بلوں میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے واٹر کوالٹی ٹسٹ شروع کئے جائیں تاکہ شہریوں کو پاک صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بورڈ کے چیئرمین انجنیئر عادل نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں تاکہ بجلی بلوں کی مد میں بچت ہو سکے۔انہوں نے کہاکہ مردان شہر کے تمام یونین کونسلوں میں عمائدین علاقہ اور بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ آگاہی اور خصوصی صفائی مہم کا آغاز کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو پاک صاف ماحول فراہم کیا جاسکے۔
انہوں نے کہاکہ کمپنی محدود وسائل میں شہریوں کو بہترین خدمات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں لیکن شہریوں کو بھی چاہیئے کہ کمپنی کے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر شہری اپنے بل بروقت جمع کریں گے تو انہیں جو خدمات فراہم کئے جا رہے ہیں اس میں بھی بہتری آئے گی۔
ایک تبصرہ شائع کریں