مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔کے پی ہاوس میں یوم سیاہ کے موقع پر خطاب،


 

مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو،ایم وقار خان)ملک کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع مردان میں بھی کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر یومِ سیاہ منایا گیا۔
ڈپٹی کمشنر مردان کی زیر نگرانی یومِ سیاہ کی مرکزی تقریب ،کے پی ہاؤس مردان میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں انتظامی افسران، تمام محکمہ جات کے سربراہان، ضلعی عمائدین،علماء دین، نوجوانان اور مختلف سکولوں کے طلباء نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر تحت بھائی جنید خالد، اسسٹنٹ کمشنر مردان شگفتہ سرور،اسسٹنٹ کمشنر  کاٹلنگ سحر انور و دیگر ضلعی عمائدین نے کشمیر میں بھارتی جبر کی شدید مذمت کی اور کشمیری بھائیوں کے ساتھ اخلاقی اور معاشرتی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ 

تقریب کے اختتام پر  پاکستان و کشمیر کے پرچموں اور سیاہ جھنڈوں کیساتھ تقریب میں شامل لوگوں نے کے پی ہاؤس میں ریلی نکالی، جس میں ہندوستان کے جبری قبضےکے خلاف بھرپور نعرہ بازی کی گئی۔
یومِ سیاہ منانے کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کی حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ 

پاکستانی عوام ہندوستان کے 27 اکتوبر کے غیر قانونی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔ریلی کے اختتام پر ملک کی سلامتی،خوشحالی، امن اور کشمیر کے لوگوں کےجلد حصول آزادی کے لیے دعا کی گئی۔

0/Post a Comment/Comments