مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو،ایم وقار خان)وزیرِ اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے جیلخانہ جات ہمایون خان نے کہا ہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر جیلوں کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور جیلوں میں قیدیوں اور حوالاتیوں کو ہنر مند بنانے کے لیے ٹھوس بنیادوں پر کام ہو رہا ہے۔ قیدیوں کے خوراک کے مینو کو بہتر بنا دیا گیا ہے جبکہ صوبے کے مختلف جیلوں میں قیدیوں کو کمپیوٹر سمیت مختلف ٹیکنالوجیز و ہنر اور ماربل انڈسٹری کی تربیت کے ساتھ جیلوں میں بننے والی مصنوعات کی ای مارکیٹنگ کا نظام بھی وضع کیا جا رہا ہے۔
وہ صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو اور ارکان صوبائی اسمبلی افتخار علی مشوانی، عبدالسلام آفریدی، ڈیڈیک چیئرمین زرشاد خان اور امیر فرزند خان کے ہمراہ سنٹرل جیل مردان کے دورے کے موقع پر بات چیت کر رہے تھے۔
انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات عثمان محسود بھی معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات کے ہمراہ تھے۔ جیل پہنچنے پر سپرنٹینڈنٹ جیل نجم الحسن عباسی نے معاون خصوصی کااستقبال کیا۔
جیل پولیس کے دستے نے سلامی پیش کی۔ مشیر جیل خانہ جات نے جیل میں ماڈل انٹرویو روم، ماڈل پریزنرز کال سنٹر اور کمپیوٹر ٹریننگ سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ مردان جیل میں قیدیوں کو ویڈیو لنک پر عدالتوں میں پیشی، جیل ٹو جیل ورچول ملاقاتوں سمیت علاج معالجے اور مختلف سکلز سکھانے کی سہولت موجود ہے۔
اس موقع پر مشیر جیل خانہ جات ہمایون خان نے کہا کہ صوبے بھر میں جیلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے جس سے بجلی کے بلوں کی مد میں ماہانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں بننے والی مصنوعات کی مارکیٹنگ کے نظام کو آن لائن کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے صوبے کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا جبکہ ان مصنوعات کی آمدنی سے قیدی ہنر مندوں کا حصہ بھی بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جس کے مختلف جیلوں میں بننے والی مصنوعات بشمول ماربل کی مصنوعات، فرنیچر، سواتی شال اور دستکاریاں لوک ورثہ ایکسپو اسلام آباد میں رکھے گئے ہیں۔ ہمایون خان نے کہا کہ جیلوں میں مختلف ہنر کی تربیت مکمل کرنے والوں کو ٹیویٹا کی اسناد اور ڈپلوما دئیے جائیں گے جس سے وہ رہائی کے بعد صوبائی حکومت کے ہنر مند نوجوان اور احساس قرض حسنہ سکیم سے بھی استفادہ کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی ڈگریوں پر سزا معافی کا سلسلہ مختلف ہنر میں ڈپلومہ حاصل کرنے والوں تک بڑھایا جائے گا اس مقصد کے لیے قانون میں ضروری ترامیم کی جائیں گی۔ معاون خصوصی جیلخانہ جات نے اعلان کیا کہ مردان جیل کے ماربل یونٹ کو باقاعدہ انڈسٹری کا درجہ دیا جائے گا۔ انہوں نے جیل ہسپتال، ویڈیو لنک فیسلٹی، ملاقات کے ڈیجیٹل نظام (کیو سسٹم) ڈٹرجنٹ یونٹ، لنگر خانے اور الیکٹریکل ٹریننگ سنٹر کا دورہ کیا اور اس حوالے سے معلومات حاصل کیں۔
ایک تبصرہ شائع کریں