مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو،ایم وقار خان)انسداد بد عنوانی کے عالمی دن کے موقع پر ڈبلیو ایس ایس سی ایم کی جانب سے آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شاہد خان نے کی۔واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے نعرے درج تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شاہد خان نے کہاکہ کرپشن ایک ناسور ہے جو کہ معاشرے کی تباہی کا باعث بنتا ہے۔پیسوں کی کرپشن کے ساتھ ساتھ اپنی ذمہ داریوں کواحسن طریقے سے انجام نہ دینا بھی کرپشن کے ذمرے میں آتا ہے۔انہوں نے کہاکہ معاشرے سے کرپشن کے خاتمے کے لئے نوجوانوں کو آگے آنا ہوگا تاکہ ایک بہترمعاشر ے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا حکومت کے احکامات کی روشنی میں ہفتہ انسداد بد عنوانی کے حوالے سے کمپنی کی جانب سے کرپشن کی روک تھام اور اسکے نقصانات کے حوالے سے کمیونٹی اور سکولوں میں آگاہی سیمینار کا انعقادبھی کیا گیا ہے۔شاہد خان نے کہاکہ ڈبلیو ایس ایس سی ایم میں کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرینس پالیسی ہے۔خیبر پختونخوا حکومت کرپشن کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔شہریوں کو بھی چاہیئے کہ کرپشن کے خاتمے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔۔
ایک تبصرہ شائع کریں