جماعت اسلامی کاٹلنگ کے عہدیداران کی پریس کانفرنس، "حق دو کاٹلنگ کو" تحریک کا آغاز، مسائل کے حل نہ ہونے پر احتجاج کی دھمکی
مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو،ایم ایوب ایوب)جماعت اسلامی (جے آئی) پی کے 54 امیر علی عباس خان، نائب امیر امتیازعلی شاہ ننگیال اور دیگر عہدیداراں نے کاٹلنگ پریس کلب رجسٹرڈ میں ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے ،حق دو کاٹلنگ کو ، تحریک کا اعلان کردیا۔
انہوں نے علاقے میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بدامنی، لاقانونیت، اور ناروا بجلی لوڈشیڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔پریس کانفرنس کے دوران کاٹلنگ مردان روڈ کی خستہ حالی اور ترقیاتی کاموں میں تاخیر پر بھی گفتگو کی گئی۔
جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ عوام کو درپیش بنیادی مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے، بصورت دیگر جماعت اسلامی عوام کے ساتھ مل کر احتجاج کرنے پر مجبور ہوگی۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کے عہدیداران نے سوئی گیس پائپ لائن کے مسائل پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ علاقے میں گیس کی فراہمی میں شدید مشکلات ہیں، جس کے باعث عوام کو روزمرہ زندگی میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ گیس پریشر کی کمی اور غیر اعلانیہ بندش نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی نے "حق دو کاٹلنگ کو" تحریک کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس تحریک کے تحت عوامی مسائل کو اجاگر کیا جائے گا اور حکومت پر دباؤ ڈالا جائے گا کہ وہ علاقے کے مسائل کو فوری طور پر حل کرے۔آخر میں جماعت اسلامی کے نمائندوں نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر فوری طور پر ان مسائل کو حل نہ کیا گیا تو جماعت اسلامی عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاجی تحریک چلائے گی اور کسی بھی ممکنہ صورتحال کی ذمہ داری حکومت اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی.
ایک تبصرہ شائع کریں