.
آزادی پاکستان سولر ایکسپو کے انعقاد پر مردان چیمبر آف کامرس کی کاوشوں کو سراہا.گورنر فیصل کریم
مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو،ایم وقار خان )گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پیر کے روز ضلع مردان کا دورہ کیا اور وہاں آزادی پاکستان سولر ایکسپو کا بحیثیت مہمان خصوصی افتتاح کیا۔ ایکسپو پہنچنے پر مئیر مردان حمایت اللہ مایار، مردان چیمبر آف کامرس کے گروپ لیڈراور مرکزی تنظیم تاجران صوبائی جنرل سیکرٹری ظاہر شاہ نے انکا استقبال کیا گورنر خیبرپختونخوا نے ایکسپو میں لگائے گئے سولر پینل بنانے والی کمپنیوں اور سولر مصنوعات کے اسٹالز کا معائینہ کیا ، سولر ایکسپو میں 50 سے زیادہ قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں کیجانب سے اسٹالز لگائے گئے. ایکسپو میں چیمبر کے عہدیداروں، کاروباری برادری اور سولر پینل شعبہ سے وابستہ تاجروں نے شرکت کی ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ موجودہ بجلی بحران صورتحال میں شمسی توانائی کی اہمیت بڑھ گئی ہے، صوبہ میں رہائشی عمارتیں اور صنعتی یونٹس شمسی توانائی پر منتقل ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ مردان کے 70 فیصد ماربل کے کارخانے سولرانرجی پر منتقل ہو چکے ہیں، توانائی کے متبادل ذرائع کا فروغ ایک بہترین کوشش ہے، فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نمائش کے انعقاد پر مردان چیمبر کی خدمات قابل ذکر ہیں اور آزادی پاکستان سولر ایکسپو کے انعقاد پر مردان چیمبر آف کامرس کی کاوشوں کو سراہا. بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور بھاری نرخوں نے انڈسٹری اور عوام کے مسائل بڑھا دئے ہیں، انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بجلی کی انتہائی پیداوار کے باوجود یہاں کے عوام اس سہولت سے محروم ہیں، انجینئرز رہائشی اور صنعتی شعبے کو سستی توانائی کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں. انہوں نے کہا کہ گورنر کی حیثیت سے مختلف وفاقی وزارتوں اور اداروں سے رابطے میں رہتا ہوں، صوبے کے حالات میں بہتری لانے کے لیے کام کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ صوبہ کا امن تباہ کرنے والے عناصر سیکورٹی اداروں سے متعلق غلط پروپیگنڈا کر رہے ہیں، صوبہ کے عوام امن دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے اپنے اداروں کیساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے.
ایک تبصرہ شائع کریں