ساتھ سب کا ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے چندہ مہم کا آغاز
مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو،عبداللہ شاہ بغدادی ) غیر سرکاری تنظیم ساتھ سب کا ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن مردان کی جانب سے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے اسلام آباد میں باقاعدہ چندہ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس مہم کے تحت باجوڑ، بونیر، سوات اور بٹگرام کے متاثرہ علاقوں کے لیے مالی امداد کے ساتھ ساتھ خوراک، ادویات، کپڑے اور بنیادی ضرورت کی دیگر اشیاء فراہم کرنے کے لیے فنڈز جمع کیے جا رہے ہیں۔تنظیم کے بانی ڈاکٹر ایمل مہمند نے اس موقع پر کہا کہ حالیہ سیلاب نے ہزاروں خاندانوں کو بے گھر اور کسمپرسی کی حالت میں چھوڑ دیا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کو نہ صرف رہائش اور خوراک کی ضرورت ہے بلکہ بچوں کی تعلیم اور صحت کی سہولیات بھی فوری طور پر بحال کرنا ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمع ہونے والی تمام رقوم اور عطیات براہِ راست متاثرین تک پہنچائے جائیں گے اور اس عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے مخیر حضرات، کاروباری برادری اور عوام سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھ کر اپنی استطاعت کے مطابق عطیات دیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو اس مشکل گھڑی میں سہارا فراہم کیا جا سکے۔ ڈاکٹر ایمل مہمند نے مزید کہا کہ تنظیم کے رضا کار پہلے سے متاثرہ علاقوں میں سرگرم عمل ہیں اور متاثرین کو ابتدائی امداد فراہم کر رہے ہیں۔مہم کے آغاز پر شہریوں کی بڑی تعداد نے عطیات جمع کرانے میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی اور سیلاب متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ ساتھ سب کا ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی مختلف شہروں میں بھی عطیات جمع کرنے کے مراکز قائم کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس نیک کام میں حصہ ڈال سکیں
ایک تبصرہ شائع کریں