ٹک ٹاکرز اپنا قبلہ درست کرلیں
مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو،ایم وقار خان)مردان پولیس کی جانب سے واضح پیغام جاری کیا گیا ہے کہ جو عناصر ٹک ٹاک یا دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بےہودہ، فحش زبان استعمال کرتے ہیں، غیر اخلاقی ویڈیوز اپ لوڈ کرکے معاشرے میں برائی پھیلاتے ہیں، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ڈی پی او مردان ظہور بابر آفریدی کی ہدایت پر ایس پی سٹی شفیع الرحمٰن کی نگرانی میں سٹی پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے "بےہودہ گروپ" کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ اس گروپ میں لڑکے اور لڑکیاں شامل تھے جو اپنے اکاؤنٹس سے فحش مواد، گالیاں اور غیر اخلاقی گفتگو شیئر کر کے نوجوان نسل کو گمراہ کر رہے تھے۔
پولیس نے نامزد ملزم زاہد ولد نورعالم سکنہ مستری آباد مردان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری بھی جلد متوقع ہے۔ گرفتار ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ ان کا گروپ غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے اور آئندہ ایسی کسی سرگرمی میں شامل نہ ہونے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
ڈی پی او مردان ظہور بابر آفریدی نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر فحاشی، گالی گلوچ اور معاشرتی برائی پھیلانے والوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسے افراد کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا تاکہ معاشرے میں صاف ستھری اور مثبت اقدار کو فروغ دیا جا سکے۔
ایک تبصرہ شائع کریں