صوبے کے وسائل پر وفاق قابض ہے اور محدود وسائل میں لامحدود مسائل حل کیے جا رہے ہیں، وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی

 




مردان(دی نیوز پوائنٹ،ایم وقار خان)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سُہیل آفریدی نے کہا ہے گرلز کیڈٹ کالج مردان میں پورے پاکستان سے طالبات زیرِ تعلیم ہیں جو اس ادارے کی قومی اہمیت کا ثبوت ہے۔ صوبائی حکومت تعلیم، صحت اور گورننس سمیت تمام شعبوں میں بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق کام کر رہی ہے۔ وہ ہفتے کے روز  گرلز کیڈٹ کالج مردان میں منعقدہ یومِ والدین کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا
وزیر اعلیٰ نے طالبات، والدین، اساتذہ اور انتظامیہ کو مبارکباد دی اور تعلیمی ادارے کی کارکردگی کو سراہا۔

تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ نے نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی کیڈٹس میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ انہوں نے کہا کہ گرلز کیڈٹ کالجز باصلاحیت اور باکردار قیادت کی تیاری میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے خطاب کے دوران ضلع خیبر میں گرلز کیڈٹ کالج کے قیام کا اعلان کیا۔ 

اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے گرلز کیڈٹ کالج مردان کی زیرِ تعمیر عمارت کی بروقت تکمیل کے لیے فنڈز فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

  

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سُہیل آفریدی نے مزید کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں۔ اساتذہ  طلبہ کو صوبے کے مالی اور آئینی حقوق سے آگاہ کریں تاکہ نئی نسل اپنے حقوق اور ذمہ داریوں کو بہتر انداز میں سمجھ سکے۔

 مجموعی طور پر خیبر پختونخوا کے تقریباً 4500 ارب روپے وفاق کے ذمے واجب الادا ہیں۔  

صوبے کے وسائل پر وفاق قابض ہے اور محدود وسائل میں لامحدود مسائل حل کیے جا رہے ہیں، جبکہ سابق فاٹا انتظامی طور پر تو ضم ہو چکا ہے مگر مالی طور پر ابھی تک مکمل انضمام نہیں ہو سکا۔

خیبر پختونخوا ملک کو سستی بجلی فراہم کر رہا ہے مگر آئی پی پیز کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کی وجہ سے عوام کو مہنگی بجلی دی جا رہی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ 30 لاکھ افراد ملک چھوڑ چکے ہیں اور فیصلہ سازوں کو ملک کی سمت پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔

آخر میں وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ صوبے کے حقوق کے حصول کی جدوجہد سیاسی جدوجہد کے ساتھ جاری رہے گی اور خیبر پختونخوا کے عوام کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔


0/Post a Comment/Comments