مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو،ایم وقار خاکسار)انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام غیر قانونی مہاجرت کی روک تھام اور اس کے معاشرے پر مرتب ہونے والے اثرات کے حوالے سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں مائیگرنٹ ریسورس سینٹر پشاور، ایف آئی اے، امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ، مردان چیمبر آف کامرس تنظیم تاجران اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔سیمینار کا مقصد محفوظ، منظم اور باقاعدہ ہجرت کے حوالے سے عوامی آگاہی کو فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر مرکزی تنظیم تاجران صوبائی جنرل سکیرٹری ظاہر شاہ ،ایف آئی اے مردان سرکل کے ڈپٹی ڈائریکٹر ریاض جنجوعہ، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ایف آئی اے اسلام آباد محمود علی کھوکھر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پروٹیکٹوریٹ آف ایمیگرنٹس پشاور ساجد عمر، ڈبلیو ایس ایس سی ایم بورڈ کے ڈائریکٹر ہارون رشید، مردان چیمبر آف کامرس کے صدر حاجی محمد اویس، اور شاہد خان نے خطاب کیا۔
ظاہر شاہ نےکہا کہ انسانی اسمگلنگ کے خلاف ایف آئی اے کی جاری کوششوں، عوامی آگاہی مہمات اور محفوظ ہجرت کے فروغ کے لیے بین الاداراتی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ مائیگرنٹ ریسورس سینٹر پشاور کے کوآرڈینیٹر حمید اللہ خان نے شرکاء کو محفوظ اور قانونی ہجرت کے فروغ میں ایم آر سی کے کردار اور فراہم کردہ سہولیات سے آگاہ کیا۔سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ محفوظ اور قانونی ہجرت کے فروغ کے لیے باہمی تعاون سے کام کریں گے اور غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کے خطرات سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے ہر دستیاب پلیٹ فارم کو مؤثر انداز میں استعمال کریں گے۔

ایک تبصرہ شائع کریں