ضلع خیبر میں طویل عرصے سے بند سرکاری اسکولوں کو فوری طور پر کھولا جائے تاکہ بچوں کا تعلیمی مستقبل محفوظ بنایا جا سکے،خیبر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر عالمزیب آفریدی

 



لنڈیکوتل(دی نیوز پوائنٹ اردو+رحیم خان) ڈسٹرکٹ پریس کلب لنڈیکوتل (رجسٹرڈ) میں خیبر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر عالمزیب آفریدی اور سابق صدر و پیٹرن اِن چیف رشید احمد شینواری نے ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر انہوں نے خیبر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (کے ایس اے) کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن کا بنیادی مقصد خیبر ضلع کے طلبہ و طالبات کو تعلیمی میدان میں سہولیات فراہم کرنا اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ایس اے نئے طلبہ و طالبات کو پشاور یونیورسٹی میں داخلوں کے حوالے سے مکمل رہنمائی فراہم کرتی ہے، مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں کی تعاون سے طلبہ و طالبات کے لیے مفت تعلیمی و فنی کورسز کے انعقاد کی کوششیں کرتی ہے، تعلیمی و تفریحی دوروں کا اہتمام کیا جاتا ہے جبکہ نوجوانوں کی ثقافتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے کلچر نائٹ جیسے پروگرامز بھی منعقد کیے جاتے ہیں۔

بعد ازاں انہوں نے حکومت سے مطالبات کرتے ہوئے کہا کہ ضلع خیبر میں طویل عرصے سے بند سرکاری اسکولوں کو فوری طور پر کھولا جائے تاکہ بچوں کا تعلیمی مستقبل محفوظ بنایا جا سکے، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج لنڈیکوتل میں طلبہ کے لیے ہاسٹل کی سہولت بحال کی جائے، کالج میں موجود طلبہ بس سروس کو دوبارہ فعال کیا جائے تاکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے طلبہ کو سفری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے افغانستان میں پھنسے پاکستانی طلبہ کی وطن واپسی کے لیے بھی فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔

پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور مینا خان آفریدی سے خصوصی مطالبہ کیا کہ وہ خیبر ضلع میں تعلیمی شعبے پر ہنگامی بنیادوں پر توجہ دیں، طلبہ کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں اور نوجوانوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے ٹھوس پالیسیاں مرتب کی جائیں۔




0/Post a Comment/Comments