مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو)تھانہ پارہوتی پولیس کی محب روڈ عمر کالونی میں منشیات فروشوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ، ملزم زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ اور آئس برآمد
ضلعی پولیس ترجمان پریس ریلیز کے مطابق تھانہ پارہوتی پولیس نے محب روڈ عمر کالونی میں موصول ہونے والی خفیہ اطلاع پر منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی۔ ایس ایچ او فواد خان کی قیادت میں پولیس ٹیم نے مذکورہ مقام پر ریڈ کی، جس دوران منشیات فروشوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ملزم محمد اللہ ولد سربلند سکنہ جبر اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جسے پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
گرفتار زخمی ملزم پشاور، نوشہرہ اور ضلع مردان کے مختلف تھانوں میں درج منشیات فروشی اور چوری کے 08 مقدمات میں سزا یافتہ مجرم ہے۔
پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے 285 گرام آئس اور ایک پستول برآمد کر لیا۔ ملزم کا دوسرا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
زخمی ملزم کو علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔
ایک تبصرہ شائع کریں