مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو) ضلع میں پیٹرولیم مصنوعات کی ممکنہ قلت اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہےضلع مردان
ڈپٹی کمشنر مردان واصف رحمان نے ضلع میں پیٹرولیم مصنوعات کی ممکنہ قلت اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اس حکم نامے کے تحت پیٹرول اور ڈیزل کو کین، جیری کین، بڑے کنٹینرز یا گاڑیوں میں لے جانے، ذخیرہ کرنے یا ضلع مردان کی حدود سے باہر منتقل کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق بعض عناصر کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کو ذخیرہ کرنے اور ضلع سے باہر منتقل کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا تھا۔ عوامی مفاد اور معمولات زندگی کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 تعزیراتِ پاکستان کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور ایک ماہ تک مؤثر رہے گا، تاہم ضرورت کے مطابق اس میں ترمیم یا اسے واپس بھی لیا جا سکتا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی خرید و فروخت یا ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں۔

ایک تبصرہ شائع کریں