کاٹلنگ کے علاقے میں خون کی ہولی، گھر کے اندر فائرنگ سے 3 خواتین بے دردی سے قتل جبکہ دو بچے شدید زخمی

 



کاٹلنگ  (دی نیوز پوائنٹ اردو،کرائم رپورٹ) کاٹلنگ کے علاقہ قاسمی میں خون کی ہولی، گھر کے اندر اندھا دھند فائرنگ، تین خواتین بے دردی سے قتل، دو معصوم بچے موت و حیات کی کشمکش میں کاٹلنگ تحصیل  تھانہ خرکی کی حدود قاسمی میں پرانی دشمنی نے خونی رخ اختیار کر لیا۔ ملزمان نے رات کی تاریکی میں  گھر پر دھاوا بول کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کی تین خواتین موقع پر ہی تڑپ تڑپ کر دم توڑ گئیں جبکہ دو معصوم بچے شدید زخمی ہو کر زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔پولیس ایف آئی ار کے مطابق ملزمان زبردستی محبوب علی کے گھر میں داخل ہوئے اور بغیر کسی رحم کے فائرنگ شروع کر دی۔ گولیوں کی بوچھاڑ سے محبوب علی کی اہلیہ اور ان کی دو بیٹیاں  لہولہان ہو کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مقتول دو  خواتین عید کی خوشیاں منانے کے لیے گھر آئی ہوئی تھیں، مگر خوشیوں کا یہ گھر ماتم کدہ بن گیا۔واقعے میں زخمی ہونے والے دو کمسن بچے، جو مقتولہ کے نواسہ اور نواسی ہیں، شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیے گئے، جہاں ایک بچے کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق یہ اندوہناک واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے۔ پولیس نے  مسمات ن کی مدعیت پر نامزد ملزمان عاصم اور عارف پسران ایاز، شاہد ولد ریاض سمیت دو خواتین ساکنان گلبہار جمالگڑھی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔اہلِ علاقہ میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے جبکہ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ درندہ صفت ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے دل دہلا دینے والے واقعات کا سدباب ہو سکے۔

0/Post a Comment/Comments