رمضان پیکیج میں غیر قانونی کٹوتی پر مریم برکی کا ایکشن، دکان سیل، ملزم گرفتار





مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو )رمضان پیکیج کی شفاف اور باوقار تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ مردان متحرک ہوگئی۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مریم برکی نے مختلف ریٹیلرز کا دورہ کرتے ہوئے مستحق افراد کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور امدادی رقم کی تقسیم کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس دوران ڈپٹی کمشنر آفس کو موصول ہونے والی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک دکان کی جانچ پڑتال کی گئی جہاں مستحق افراد سے 500 روپے کی غیر قانونی کٹوتی کی جا رہی تھی۔ ضلعی انتظامیہ نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے مذکورہ دکان کو سیل کر دیا جبکہ اس غیر قانونی عمل میں ملوث شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔اس موقع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ ریٹیلرز کو سختی سے ہدایت کی کہ حکومتی پالیسی کے مطابق مستحقین کو مکمل رقم فراہم کی جائے اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی کٹوتی یا بدعنوانی سے مکمل گریز کیا جائے۔ضلعی انتظامیہ مردان نے واضح کیا ہے کہ رمضان پیکیج کی منصفانہ اور شفاف تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی کا عمل مسلسل جاری رہے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


0/Post a Comment/Comments