مردان میں نوجوانوں کے لیے انگلش لرننگ کا سنہری موقع، اہم معاہدہ طے

 



مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو،عبداللہ شاہ بغدادی)نوجوان نسل کو تعلیمی اور پیشہ ورانہ میدان میں مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں غیر سرکاری تنظیم مالک فاؤنڈیشن اور برمنگھم انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔اس اشتراک کا مقصد طلبہ و طالبات کو معیاری انگلش لینگویج کی تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اپنی کمیونیکیشن اسکلز کو بہتر بنا سکیں اور عملی زندگی میں نمایاں مقام حاصل کر سکیں۔معاہدے پر مالک فاؤنڈیشن کے جنرل سیکرٹری محمد فواد انور اور برمنگھم انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج کی ڈائریکٹریس جمیلہ قیوم نے دستخط کیے۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے نمائندوں نے اس اقدام کو نوجوانوں کے روشن مستقبل کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔اس پروگرام کے تحت نہ صرف طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی بلکہ مستحق اور باصلاحیت نوجوانوں کو سکالرشپس کے ذریعے آگے بڑھنے کے مواقع بھی دیے جائیں گے۔ یہ شراکت داری نوجوانوں میں خوداعتمادی پیدا کرنے اور انہیں عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

0/Post a Comment/Comments