مردان(دی نیوزپوائنٹ اردو)غیر سرکاری تنظیم مالک فاؤنڈیشن کی جانب سے میاں کلی میں مقامی نوجوانوں کے لیے سکالرشپ پروگرام سے متعلق ایک جامع آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے کے نوجوانوں نے بھرپور دلچسپی لیتے ہوئے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقع سے روشناس کرانا اور ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے رہنمائی فراہم کرنا تھا۔تقریب میں فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر جنید، صدر سید شیر شاہ، جنرل سیکرٹری فواد انور، سینیئر وائس پریزیڈنٹ فیاض الدین سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ ان میں سیکرٹری ماحولیات ابراہیم جرار اور ڈپٹی سیکرٹری بزم مالک وقار علی مخلص بھی شامل تھے۔ مقررین نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اور انہیں سکالرشپ پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ موجودہ دور میں تعلیم اور ہنر دونوں کامیابی کے لیے ناگزیر ہیں، اور مالک فاؤنڈیشن نوجوانوں کو ان دونوں شعبوں میں آگے بڑھنے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔پروگرام کے اختتام پر شجرکاری مہم کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں فاؤنڈیشن کے عہدیداران اور نوجوانوں نے مشترکہ طور پر پودے لگائے۔ اس اقدام کا مقصد ماحول دوست سرگرمیوں کو فروغ دینا اور سبز پاکستان کے خواب کو حقیقت کا روپ دینا تھا۔مالک فاؤنڈیشن کی یہ کاوش نہ صرف نوجوانوں کی تعلیمی و پیشہ ورانہ ترقی میں معاون ثابت ہو رہی ہے بلکہ معاشرتی شعور کو اجاگر کرنے اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ایک قابلِ تحسین مثال بھی ہے، جو فاؤنڈیشن کے مشن اور ویژن کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں