مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو)دی رئیلٹرز ایسوسی ایشن مردان کے چیئرمین عمیر خان اتوزئی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ مذاکرات کی میزبانی پاکستان کے لیے ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے، جس سے نہ صرف ملک کا عالمی وقار بلند ہوا بلکہ خطے میں امن کے قیام کی نئی راہیں بھی ہموار ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست کے طور پر اپنا مثبت کردار ادا کرتے ہوئے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ ہمیشہ مذاکرات اور افہام و تفہیم کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے۔انہوں نے حکومتِ پاکستان اور افواجِ پاکستان کی بہترین ثالثی اور متوازن پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں دانشمندانہ فیصلے ہی قوموں کو عزت اور استحکام دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محمد شہباز شریف کی قیادت اور سید عاصم منیر کی پیشہ ورانہ حکمت عملی کے باعث خطے میں کشیدگی کم کرنے میں اہم پیش رفت ممکن ہوئی، جو ایک مثبت اور خوش آئند علامت ہے۔عمیر خان اتوزئی نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے عالمی امن کا داعی رہا ہے اور اس کی خارجہ پالیسی میں توازن، بردباری اور مذاکرات کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس پیش رفت کے نتیجے میں نہ صرف ایران اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری آئے گی بلکہ پورے خطے میں معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا، جس کا براہِ راست فائدہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کو ہوگا۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ حالات میں عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ پاکستان کے مثبت کردار کو تسلیم کرے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے اس کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف سفارتی تعلقات مضبوط ہوتے ہیں بلکہ سرمایہ کاری اور ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں