مفت فنی تعلیم کا سنہری موقع، نوجوانوں کیلئے ہنر سیکھنے کے دروازے کھل گئے

 



مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو) گورنمنٹ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل سنٹر مردان میں مفت فنی تعلیم کے فروغ کیلئے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے پرائمری، مڈل اور میٹرک پاس طلبہ و طالبات کو مختلف ہنر سیکھنے کا سنہری موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے سنٹر کے پرنسپل ظفر اختر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ادارے کا مقصد نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر انہیں باعزت روزگار کے قابل بنانا اور خیبر پختونخوا کو ایک ہنر مند صوبہ بنانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ادارے میں ڈی آئی ٹی، آٹو مکینک،آٹو الیکٹریشن،انگلش لینگویج،ڈرائیونگ،جنرل الیکٹریشن،ریفریجریشن اینڈ ائیر کنڈیشینگ، سولر سسٹم ،موبائل رپئیرنگ،کمپیوٹر آپریٹر، الیکٹرانکس، ویلڈنگ، سیفٹی آفیسر، مشینسٹ، پلمبنگ سمیت دیگر ٹیکنیکل ڈپلومہ کورسز کروائے جا رہے ہیں، جن کی مدت تین ماہ، چھ ماہ اور ایک سال پر مشتمل ہے۔ ان کورسز میں جدید تقاضوں کے مطابق عملی تربیت فراہم کی جاتی ہے تاکہ طلبہ مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ہو سکیں۔پرنسپل کا مزید کہنا تھا کہ ان کورسز میں داخلہ لینے والے طلبہ کو تجربہ کار انسٹرکٹرز کے ذریعے تربیت دی جاتی ہے، جبکہ عملی مشق پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے تاکہ نوجوان نہ صرف سیکھیں بلکہ خود روزگار شروع کرنے کے قابل بھی بن سکیں۔ انہوں نے والدین اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنے مستقبل کو روشن بنانے کیلئے فنی تعلیم کو ترجیح دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا کی ہدایات کے مطابق ایسے پروگرامز کا دائرہ کار مزید بڑھایا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان مستفید ہو سکیں اور بے روزگاری میں کمی لائی جا سکے۔

0/Post a Comment/Comments