مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو)غیر سرکاری تنظیم مالک فاؤنڈیشن کی کابینہ اور کور کمیٹی کا اجلاس حال ہی میں منعقد ہوا، جس میں سکلز ڈویلپمنٹ سیکٹر کے میگا ایونٹ کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اجلاس کا مقصد پروگرام کے انتظامات کا جائزہ لینا اور اس کے کامیاب انعقاد کے لیے حکمت عملی وضع کرنا تھا۔اجلاس میں فاؤنڈیشن کے مختلف شعبوں کے ذمہ داران نے شرکت کی اور ایونٹ کی پلاننگ، لاجسٹکس، اور مختلف سرگرمیوں کے حوالے سے اپنے خیالات پیش کیے۔ تمام شرکاء نے اتفاق کیا کہ یہ میگا پروگرام فاؤنڈیشن کے مقاصد، یعنی نوجوانوں کی تعلیم، مہارتوں کی ترقی، اور اجتماعی فلاح و بہبود، کے لیے ایک اہم قدم ہوگا۔اجلاس کے بعد سیکرٹری جنرل فواد انور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس میگا ایونٹ کے دوران سابقہ طالب علموں میں اسناد (Certificates) اور نئے طالب علموں میں اسکالرشپس تقسیم کی جائیں گی تاکہ نوجوانوں کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی کو مزید فروغ مل سکے۔ڈپٹی جنرل سیکرٹری سید تحمید رضا نے مزید کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف فاؤنڈیشن کے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرے گا بلکہ علاقے کے دیگر نوجوانوں کے لیے بھی ایک مثال قائم کرے گا کہ تعلیم اور ہنر کی ترقی کس طرح معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔مالک فاؤنڈیشن کی انتظامیہ کا عزم ہے کہ یہ ایونٹ شفاف، منظم اور یادگار انداز میں منعقد کیا جائے، تاکہ ہر شریک طالب علم اور اہلِ علاقہ اس کے مثبت اثرات سے مستفید ہو۔

ایک تبصرہ شائع کریں