بروقت تشخیص اور علاج سے دل کے امراض پر قابو پایا جا سکتا ہے،ڈاکٹر ابرار علی شاہ

 





مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو)ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال مردان کے معروف ماہر امراضِ قلب ڈاکٹر سید ابرار علی شاہ نے عوام کو دل کے امراض سے بچاؤ اور ان کے مؤثر تدارک کے حوالے سے اہم پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بدلتے ہوئے طرزِ زندگی، غیر متوازن غذا، ذہنی دباؤ اور جسمانی سرگرمیوں کی کمی دل کے امراض میں تیزی سے اضافے کا باعث بن رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دل کی بیماریاں اب صرف عمر رسیدہ افراد تک محدود نہیں رہیں بلکہ نوجوان نسل بھی تیزی سے ان کا شکار ہو رہی ہے، جو کہ ایک تشویشناک امر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ اپنی روزمرہ زندگی میں صحت مند عادات اپنائیں، جن میں متوازن غذا، باقاعدہ ورزش، تمباکو نوشی سے پرہیز اور ذہنی سکون شامل ہیں۔ڈاکٹر سید ابرار علی شاہ نے مزید کہا کہ ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، کولیسٹرول کی زیادتی اور موٹاپا دل کے امراض کی بڑی وجوہات ہیں، اس لیے ان بیماریوں کو کنٹرول میں رکھنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ 40 سال سے زائد عمر کے افراد کو باقاعدگی سے اپنا طبی معائنہ کروانا چاہیے تاکہ کسی بھی ممکنہ بیماری کی بروقت تشخیص ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ اگر سینے میں درد، سانس لینے میں دشواری، یا غیر معمولی تھکن محسوس ہو تو فوری طور پر مستند ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے اور خود علاج سے گریز کیا جائے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر سید ابرار علی شاہ ایک نہایت ملنسار، ہنس مکھ اور ایماندار معالج کے طور پر جانے جاتے ہیں، جو نہ صرف پیشہ ورانہ مہارت رکھتے ہیں بلکہ مریضوں کے ساتھ حسنِ سلوک اور خلوص سے پیش آنے میں بھی اپنی مثال آپ ہیں۔ ان کی خدمات کو عوامی حلقوں میں بے حد سراہا جاتا ہے۔آخر میں انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ عوام میں دل کے امراض سے آگاہی کیلئے مزید مؤثر مہمات چلائی جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔

0/Post a Comment/Comments