معلومات تک رسائی جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ناگزیر ہے، محمد اسماعیل

 



مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو)غیر سرکاری تنظیم آئی آر ایس پی کے پروگرام کوآرڈینیٹر و منیجر ایڈووکیسی محمد اسماعیل نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2013 کے تحت شہریوں کو سرکاری اداروں سے معلومات کے حصول کا آئینی اور قانونی حق حاصل ہے، جو نہ صرف شفافیت کو فروغ دیتا ہے بلکہ جمہوری نظام کو مستحکم بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔وہ ڈیفس کالج فار گرلز بغدادہ مردان میں غیر سرکاری تنظیم آئی آر ایس پی اور ٹی ڈی ای اے کے اشتراک سے منعقدہ ایک پینل ڈسکشن سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈیفس کالج فار گرلز کے ایڈمنسٹریٹر پیر اعظم، پرنسپل کلی اعظم، کوارڈنیٹر محمد فدا،آئی آر ایس پی کے ناصر خان اور سیدہ نوشین سردار سمیت طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔محمد اسماعیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ رائٹ ٹو انفارمیشن قانون کے ذریعے شہری سرکاری محکموں کی کارکردگی پر نظر رکھ سکتے ہیں، جس سے بدعنوانی کے خاتمے اور احتساب کے نظام کو تقویت ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل، خصوصاً طالبات کو اپنے حقوق سے آگاہ کرنا نہایت ضروری ہے تاکہ وہ مستقبل میں ایک ذمہ دار اور باشعور شہری کے طور پر اپنا کردار ادا کر سکیں۔تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور اس کے ذریعے عوام حکومتی پالیسیوں اور فیصلوں میں شفافیت کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اس نوعیت کی آگاہی مہمات کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نوجوانوں میں شعور بیدار ہو اور وہ اپنے حقوق کے حصول کیلئے مؤثر آواز اٹھا سکیں۔پینل ڈسکشن کے دوران طالبات نے بھی بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور مختلف سوالات کے ذریعے قانون کی افادیت، طریقہ کار اور عملی اطلاق کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ مقررین نے طالبات کے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیتے ہوئے انہیں عملی زندگی میں اس قانون کے استعمال کے طریقے بھی سمجھائے۔آخر میں مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرامز کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ معاشرے میں شفافیت، جوابدہی اور قانون کی حکمرانی کو فروغ دیا جا سکے۔


0/Post a Comment/Comments