صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے مردان میں جاری سیورج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ، ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے جنرل منیجر اور سی آئی یو مردان کے چیف انجنیئر عمران زمان نے صوبائی وزیر کو سیورج ٹریٹمنٹ پلانٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔

 



مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو، ایم وقار خان )صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے مردان میں جاری سیورج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا اچانک دورہ کیا۔دورے کے موقع پر انہوں نے تعمیراتی کا م کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کے رفتار کو تیز کیا جائے۔

اس موقع پر انہوں نے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت بھی کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اور ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد فیاض خان شیرپاؤ،سی آئی یو مردا ن کے چیف انجنیئر عمران زمان، چیف فنانشل آفیسر نوید اختر،منیجر میونسپل سروسز محمد خلیل اکبر،منیجر ایچ آر اینڈ ایڈمن راحت اللہ،پی ایم سی ایس سی کے ریزیڈنٹ انجنیئر ارشد قیوم بابر،میٹراکون کے جنرل منیجر عمران حیدراور ڈپٹی پراجیکٹ منیجر انجنیئر قاسم ممتاز اعوان شریک ہوئے۔ ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے جنرل منیجر اور سی آئی یو مردان کے چیف انجنیئر عمران زمان نے صوبائی وزیر کو سیورج ٹریٹمنٹ پلانٹ پر اب تک ہونے والے کام پر تفصیلی بریفنگ دی۔

 انہیں بتایا گیا کہ مردان شہر کے چھ یونین کونسلوں کے لئے 8.5ارب روپے کی لاگت سے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ پرتیزی کے ساتھ کام جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ شہر کے چھ یونین کونسلوں میں بننے والی سیورج ٹریٹمنٹ پلانٹ میں چار ہزار تین سو مین ہولز بنائے جائیں گے جبکہ تیرہ ہزار سے زائد کنکشن دیے جائیں گے۔ایس ٹی پی سترہ ایکڑ اراضی پر بنائی جا رہی ہے اور اس میں روزانہ کی بنیاد پر چھ ملین گیلن گندے پانی کو ایکٹیویٹڈ سلیج پراسزکے تحت صاف کیا جائے گا۔اسی طرح ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے سائنسی بنیادوں پر لینڈ فل سائٹ بنایا جائے گا جس میں روزانہ کی بنیاد پر 200ٹن سے زائد کچرے کو قابل استعمال بنایا جائے گا۔ 

صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے۔سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر سے صحت و صفائی کے مسائل میں کمی آئے گی۔

انہوں نے کہاکہ شہریوں کا زیادہ تر بجٹ صحت پر خرچ ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف کی گزشتہ دور حکومت میں شہر کے پانچ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں گندے پانی کو قابل استعمال بنانے کے منصوبوں پر کام تیزی کے ساتھ جاری ہے جس کا مقصد سینیٹیشن نظام کو بہتر بنانا ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ پر تعمیراتی کام کی رفتار کو تیز کریں اور شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے بھی اقدامات اٹھائیں۔


0/Post a Comment/Comments