نوجوان کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں، شگفتہ سرور

 



مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو،عبداللہ شاہ بغدادی )پوری دنیا اور ملک بھر کی طرح مردان میں بھی نوجوانوں کا عالمی دن منایا گیا، اس حوالے سے نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈیویلپمنٹ،ڈسٹرکٹ یوتھ،ضلعی انتظامیہ و دوستی  کے زیر اہتمام  ریڈنگ کلب مردان میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا،
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مردان شگفتہ  سرور،ڈپٹی ڈائر یکٹر این سی ایچ ڈی لعل محمد طورو،اسسٹنٹ ڈائر یکٹر عابد ہوتی،آیاز خان،سعید خان،ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر عثمان،سول سوسائٹی کے فیاض الا سلام،محمد عارف،اعجاز خان و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں، پاکستان کی نصف آبادی کا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال 12 اگست کو نوجوانوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے، اقوام متحدہ نے 1999ء میں 12 اگست کو نوجوانوں کے عالمی دن کے طور پر منانے کی قرارداد منظور کی یوں 12 اگست 2000ء سے لے کر اب تک ہر سال ایک نئے تھیم کے ساتھ اس دن کو نوجوانوں کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔
اس دن کو منانے کا مقصد نوجوان نسل کو اہمیت دینے کے ساتھ ساتھ ان کو درپیش چیلنجز پر اقوام عالم کی توجہ دلوانا ہے، کسی بھی ملک کی ترقی اور مستقبل کا دارو مدار اس ملک کے نوجوانوں کو قرار دیا جاتا ہے۔

پاکستان دنیا کا چھٹا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے، نوجوانوں پر مشتمل اتنی بڑی آبادی رکھنے والے ملک میں تقریباً 40 فیصد نوجوان غیر تعلیم یافتہ ہیں، ہمیں نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف لے کرجانا ہوگا، ان کیلئے تعلیم، صحت اچھی خوراک کا بندوبست کرنا ہوگا۔پروگرام کے آخر میں مہمان خصوصی ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شگفتہ سرور نے بہترین کارکردگی پر ایوارڈ اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔

0/Post a Comment/Comments