شہریوں کے مسائل کے حل میں کوئی دقیقہ فر و گزاشت نہیں کریں گے۔صوبائی وزیر ظاہر شاہ طورو

 



مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو،ایم وقار خان)صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہاہے کہ شہریوں کے مسائل کے حل میں کوئی دقیقہ فر و گزاشت نہیں کریں گے۔عوام نے پی ٹی آئی پر جو اعتماد کیا ہے اسے کسی بھی صورت ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔شہریوں کو صفائی اور صا ف پانی جیسے ضروریات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔خیبر پختونخوا سیٹیزامپرومنٹ پراجیکٹ کے تحت مردان میں 8.5ارب روپے کی لاگت سے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ پر تیزی کے ساتھ کام جاری ہے۔

ان خیالات کاا ظہار انہوں نے گلی باغ میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کھلی کچہری میں ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین انجنیئر عادل نواز،ایچ آر،نومینشن اور پروکیورمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ہارون رشید، ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے جنرل منیجر انجنیئر عمران زمان،منیجر میونسپل سروسز انجنیئر خلیل اکبر،منیجر ایچ آر اینڈ ایڈمن راحت اللہ،ڈپٹی منیجر میونسپل سروسز محمد اسحاق،پی ایم سی ایس سی کے ریزیڈنٹ انجنیئر ارشد قیوم بابر،میٹراکون کے ڈپٹی منیجر پراجیکٹس انجنیئر قاسم ممتاز اعوان، سوشل موبائلزر سجاد احمد اور دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر شہریوں نے صفائی،نکاسی آب،سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے حوالے سے اپنے مسائل صوبائی وزیر اور متعلقہ حکام کے سامنے پیش کئے جس پر صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو اور ڈبلیو ایس ایس سی ایم بورڈ کے چیئرمین انجنیئر عادل نوازنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تکمیل سے علاقے میں خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برادشت نہیں کی جائے گی او رشہری جہاں بھی غلط کام دیکھئے تو اسے فوری طور پر رپورٹ کیا کریں۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جہاں پر سیوریج لائن کے لئے کھدائی کی جائے تو پہلے اسے کور کر کے دوسری جگہ کھدائی کیا کریں تاکہ شہریوں کومسائل کا سامنا نہ ہو۔ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے جنرل منیجر اور سی آئی یو مردان کے چیف انجنیئر عمران زمان نے کھلی کچہری کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یونین کونسل روڑیا میں سیوریج نیٹ ورک مکمل کر دیا گیا ہے جبکہ مسلم آباد میں کام جاری ہے اور عنقریب یونین کونسل گلی باغ میں سیوریج لائن پر کام شروع ہو گا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں شہریوں کے مسائل کا اندازہ ہے او ریہی وجہ ہے کہ ہم مرحلہ وار کام کررہے ہیں تاکہ شہریوں کو کم سے کم تکلیف ہو۔

0/Post a Comment/Comments