ٹماٹر کی قیمت تین سو روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، مٹر تین سو روپے، پیاز 150 روپے فی کلو اور دیگر سبزیاں بھی دو سو روپے سے تجاوز کر چکی ہیں۔
مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو، سروے رپورٹ،ایم ایوب ایوب )کاٹلنگ بازار میں خودساختہ مہنگائی کا جن بوتل سے باہر نکل چکا ہے، اور اس نے غریب عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ سبزیوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ نے عوام کو عذاب میں مبتلا کر دیا ہے۔ ٹماٹر کی قیمت تین سو روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، مٹر تین سو روپے، پیاز 150 روپے فی کلو اور دیگر سبزیاں بھی دو سو روپے سے تجاوز کر چکی ہیں۔ یہ صورتحال اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کیا گیا ہے، جو کہ عوام کی روزمرہ زندگی کو تباہ کر رہا ہے۔
ٹماٹر، جو ہر کھانے میں استعمال ہوتا ہے، اب عوام کی پہنچ سے بالکل باہر ہو چکا ہے۔ اس کی قیمت میں اتنا اضافہ کیا گیا ہے کہ اب لوگ اسے خریدنے کی ہمت بھی نہیں رکھتے۔
اس سلسلے میں عوام کا کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ اپنے دفتروں سے باہر نکل کر بازار کی حقیقت جانچتی اور قیمتوں پر نظر رکھتی تو شاید یہ بھیانک صورتحال جنم نہ لیتی۔ مگر اس وقت کی انتظامیہ کی بے حسی اور ناکامی نے عوام کی زندگی میں مزید مشکلات ڈال دی ہیں۔
عوام نے صوبائی حکومت، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر مردان سے سخت مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس خودساختہ مہنگائی کو قابو کریں اور عوام کو اس اذیت سے نجات دلائیں۔ اس وقت مہنگائی کا یہ جن انتظامیہ کی اولین ترجیح بن چکا ہے، اور اگر فوری طور پر اس پر قابو نہ پایا گیا تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
ایک تبصرہ شائع کریں