موسمیاتی تبدیلیوں سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے درختوں اور جنگلات کا تحفظ اور افزائش نہایت اہم ہے،کمشنر مردان ڈویژن نثار احمد
مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو،ایم وقار خان)ضلعی انتظامیہ مردان اور عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کی جانب سے موسم بہار شجرکاری مہم بدستور زور و شور سے جاری ہے۔
اس سلسلے میں آج کمشنر مردان ڈویژن نثار احمد، ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر، وائس چانسلر پروفیسر ظاہر شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ سید فہد افتخار، ڈسٹرکٹ یوتھ افیسر، ڈی ایس او، اور ڈی ایف او کے زیر اہتمام شجرکاری کی گئی۔
اس موقع پر کمشنر مردان ڈویژن، ڈپٹی کمشنر مردان، اور وائس چانسلر عبدالولی خان یونیورسٹی مردان نے خود مختلف پودے لگا کر اس مہم میں حصہ لیا۔ ضلعی انتظامیہ اور یونیورسٹی انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے 3000 پودے کامیابی سے لگائے گئے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر مردان ڈویژن نثار احمد نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے درختوں اور جنگلات کا تحفظ اور افزائش نہایت اہم ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ہر شہری کم از کم پانچ پودے لگائے اور ان کی دیکھ بھال کرے تاکہ ہمارا ملک خوشحال، سرسبز، اور ماحولیاتی لحاظ سے محفوظ بن سکے۔
اس موقع پر ضلعی انتظامیہ مردان نے عبدالولی خان یونیورسٹی کے طلباء اور مقامی زمینداروں میں پودے بھی تقسیم کیے، تاکہ یہ مہم نہ صرف اداروں بلکہ عوامی سطح پر بھی کامیاب ہو اور زیادہ سے زیادہ افراد اس میں حصہ لے سکیں۔ اس شجرکاری مہم کا مقصد علاقے کو سبز و شاداب بنانا اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنا ہے، تاکہ ایک صاف اور سرسبز پاکستان کا خواب حقیقت میں بدل سکے۔
ایک تبصرہ شائع کریں