مقررین نے افواجِ پاکستان کی جرات، قربانی اور ہمت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا

 


28 مئی یوم تکبیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کس طرح پاکستان نے ایک قوم کی حیثیت سے دشمن کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ اپنے دفاع کیلئے کسی حد تک جا سکتا ہے،


مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو،ایم وقار خان) ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کی خصوصی ہدایات پر  ضلعی انتظامیہ مردان  کے زیرِ اہتمام کے پی ہاؤس مردان میں یومِ تکبیر کے موقع پر ایک پُروقار تقریب، پرچم کشائی اور حب الوطنی سے لبریز ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد وطنِ عزیز کی ایٹمی صلاحیت کے حصول کے تاریخی دن کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور قومی وحدت کو فروغ دینا تھا۔

تقریب کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر مردان کامران خان  نے کی، جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز حناء خان، محترمہ مریم برکی، ڈی ایس پی جناب زاہد خان، ٹی ایم او، ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے افسران و اہلکاران، تنظیم تاجران (ظاہر شاہ گروپ) کے نمائندگان، میڈیا نمائندگان، اساتذہ، طلبہ اور دیگر معزز شہریوں نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا، جس میں شرکاء نے احترام و عقیدت کے ساتھ قومی ترانہ پڑھا اور وطنِ عزیز کے ساتھ تجدیدِ عہد کیا۔ اس موقع پر مقررین نے افواجِ پاکستان کی جرات، قربانی اور ہمت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی طاقت بننا انہی جانثاروں کی بے مثال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

تقریب کے بعد ایک شاندار یومِ تکبیر ریلی نکالی گئی، جو کے پی ہاؤس سے شروع ہو کر پی آر سی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے قومی پرچم تھامے، وطن سے محبت کے نعرے بلند کرتے ہوئے یکجہتی، دفاع اور ترقی پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔تقریب کا اختتام ملکی سلامتی، استحکام، اور ترقی کے لیے خصوصی دعا پر ہوا۔

0/Post a Comment/Comments