مردان(دی نیوز پوائنٹ اردو،عبداللہ شاہ بغدادی)عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں منعقدہ جاب فیئر کے موقع پر غیر سرکاری تنظیم مالک فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک جامع اور معلوماتی اسٹال قائم کیا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں کو سماجی خدمت، تعلیمی معاونت اور مہارتوں کی ترقی سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔ اسٹال پر آنے والے طلبہ و طالبات کو مالک فاؤنڈیشن کے اسکالرشپ پروگرامز، فری اسکلز ٹریننگ، یوتھ ایمپاورمنٹ منصوبوں اور فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔مالک فاؤنڈیشن کے نمائندگان نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نہ صرف خود ان مواقع سے استفادہ کریں بلکہ اپنے اپنے علاقوں میں بھی فاؤنڈیشن کے تعلیمی و سماجی پیغامات کو عام کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق طلبہ فائدہ اٹھا سکیں۔ اس موقع پر فاؤنڈیشن میں رضاکارانہ شمولیت کے فوائد، کمیونٹی سروس اور قیادت کی صلاحیتوں کے فروغ پر بھی روشنی ڈالی گئی۔جاب فیئر کے دوران مالک فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے طلبہ کو بتایا کہ فاؤنڈیشن تعلیم، صحت، اسکلز ڈویلپمنٹ اور سماجی بہبود کے مختلف منصوبوں کے ذریعے معاشرے کے کمزور طبقات کی عملی مدد کر رہی ہے۔ طلبہ کی جانب سے اسٹال میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا گیا اور بڑی تعداد میں نوجوانوں نے فاؤنڈیشن کے پروگرامز میں شمولیت کے لیے رجسٹریشن بھی کروائی۔تقریب کے اختتام پر یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے مالک فاؤنڈیشن کی سماجی، تعلیمی اور تربیتی خدمات کے اعتراف میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید تہمید رضا اور سیکرٹری اسکلز ڈویلپمنٹ آمنہ خالد کو تعریفی شیلڈز پیش کی گئیں۔ یونیورسٹی حکام نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ ایسی سرگرمیاں طلبہ کو عملی زندگی کے لیے بہتر طور پر تیار کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

ایک تبصرہ شائع کریں